Ahmadiyya Muslim Jamaat India

سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے شعبہ تاریخِ احمدیت کی ویب سائٹ کا اجرا

سیدنا امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے شعبہ تاریخِ احمدیت کی ویب سائٹ کا اجرا

(مسجد بیت الفتوح۔ مورڈن، 20؍ ستمبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جمعہ کی ادائیگی کے بعد شعبہ تاریخِ احمدیت کی ویب سائٹ کا افتتاح فرمایا۔

حضورِ انورایّدہ اللہ نمازِ جمعہ ، نمازِ جنازہ غائب اور سنّتوں کی ادائیگی کے بعد دو بج کر 17منٹ پر مسجد کے ہال سے نیچے رونق افروز ہوئے جہاں ویب سائٹ کے اجرا کے لیے سکرین نصب کی گئی تھی اور اپنے دستِ مبارک سے سکرین کو مسّ فرماکر ویب سائٹ کا اجرافرمایا۔ حضورِ انور قریب دو منٹ تک اس ویب سائٹ کے مختلف صفحات (pages)ملاحظہ فرماتے رہے اور پہلو میں موجود خوش قسمت اسفند یار منیب (انچارج شعبہ تاریخِ احمدیت) سے اس کے بارے میں معلومات لیتے رہے۔ بعد ازاں حضورِ انور نے دو بج کر 19؍ منٹ پر دعا کروائی۔ دعا کے بعد ایک مرتبہ پھر ویب سائٹ کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود نے انچارج صاحب تاریخِ احمدیت کو ویب سائٹ کے بارے میں کچھ ہدایات سے نوازا۔ اس کے بعد حضورِ انور اپنی سواری میں تشریف فرما ہوئے اورحضورِ انور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔

اس ویب سائٹ کا تعارف کرواتے ہوئے حضورِ انور نے اپنے آج کے خطبہ جمعہ میں فرمایا کہ ‘اس وقت میں ایک اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ شعبہ تاریخ احمدیت نے اپنی ایک ویب سائٹ شروع کی ہےجو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں پر مشتمل ہے جس میں تاریخِ احمدیت اور سیرت و سوانح سے متعلق جماعتی جو طبع شدہ مواد ہےوہ دیا جارہا ہے۔مثلاً حضرت مسیح موعود علیہ السلام ، خلفائے احمدیت، اصحابِ احمد، شہدائے احمدیت، درویشانِ قادیان، مبلغین سلسلہ اور دیگر بزرگانِ سلسلہ کی سیرت و سوانح سے متعلق کتب ہیں، مقالہ جات ہیں، مضامین ہیں، یادگار تصاویر ہیں۔ تاریخِ احمدیت کی جتنی اب تک جلدیں شائع ہو چکی ہیں وہ تمام جلدیں ہیں۔ذیلی تنظیموں، ممالک اور شہروں کی جماعتی، تاریخیں ہیں۔ بزرگانِ سلسلہ کی قلمی تحریرات ہیں، بعض تبرکات کی تصاویر ہیں، اخبارات اور رسائل کے اہم اور نادر تراشے ہیں۔ تحقیقی اور تاریخی مضامین دیے گئے ہیں۔ اہم جماعتی تقاریب اور جماعتی عمارات مثلاً مساجد اور مشن ہاؤسز ، مرکزی ادارہ جات، تعلیمی ادارہ جات، ہسپتال، ڈسپنسریز، گیسٹ ہاؤسز وغیرہ کی تصاویر ہیں، ان کا حتی الوسع تعارف دیا گیا ہے۔

یوٹیوب کے ایک ویڈیو چینل کے ذریعہ ایم ٹی اے کی بعض نادر ڈاکومنٹریز وغیرہ بھی دی گئی ہیں۔اس ویب سائٹ میں جماعت احمدیہ کے ابتدا سے اب تک کے اہم تاریخی واقعات پر مشتمل ٹائم لائن بھی دی جا رہی ہے۔’ احباب اس ویب سائٹ سے www.ahmadiyya-history.org پر جا کر استفادہ کر سکتے ہیں۔

انچارج صاحب تاریخِ احمدیت نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ حضورِ انور ایّدہ ا للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اس ویب سائٹ کی اصولی منظوری جلسہ سالانہ برطانیہ 2018ء کے ایّام میں حاصل کی گئی۔ اس کے بعد اس کی تفصیلی سکیم بنا کر حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں پیش کی گئی تو حضور پُر نور نے ازراہِ شفقت اس کی منظوری عطا فرماتے ہوئے فرمایا ‘‘اللہ تعالیٰ بابرکت فرمائے’’۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ویب سائٹ کمپیوٹر سیکشن صدر انجمن احمدیہ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء
اللہ تعالیٰ اس ویب سائٹ کے اجرا کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اسے افادۂ عام کا موجب بنائے۔ آمین




الفضل انٹرنیشنل 24 ستمبر 2019ء

Meetings With Huzoor (aba) » index